ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر کے چار اضلاع سے کر فیوہٹایا گیا

کشمیر کے چار اضلاع سے کر فیوہٹایا گیا

Thu, 21 Jul 2016 18:43:58    S.O. News Service

سری نگر ، 21؍جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )کشمیر میں حالات میں بہتری کے پیش نظر چار اضلاع سے کرفیو ہٹا لیا گیا ہے جہاں آج اسکولوں کو دوبارہ کھلنا تھا، تاہم احتیاطی طور پر وادی کے باقی 6 اضلاع میں لوگوں کی سرگرمیوں پر پابندی اب بھی جاری ہے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ وادی کے باند ی پورہ، بارہمولہ، بڑگام اور گندربل اضلاع سے کرفیو ہٹا لیا گیا ہے لیکن احتیاطی طور پر ان اضلاع میں سی آر پی سی کی دفعہ 144کے تحت لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی برقراررہے گی ۔انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں حکومت کے فیصلے کے بعد کل کرفیو ہٹانے کا حکم جاری کیا گیا۔حکومت نے اپنے سابقہ حکم میں کل تبدیلی کی اور ان چار اضلاع میں اسکولوں کو آج سے کھولنے کا اعلان کیا۔ا س سے پہلے 18؍جولائی کو اسکول کھلنے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن حکومت نے بدامنی کی وجہ سے گرمی کی چھٹی 25؍جولائی تک بڑھا دی تھی۔تاہم حکام نے آج اسکولوں کے کھلنے کے بارے میں تبصرہ نہیں کیا ، ان چار اضلاع سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے بند ہیں۔باند ی پورہ کے سماجی کارکن نذیر احمد نے بتایاکہ اسکولوں میں کچھ ملازم ڈیوٹی پر پہنچے لیکن طالب علموں کے نہیں آنے کی وجہ سے وہ واپس گھر لوٹ گئے۔احمد نے بتایا کہ وزیر تعلیم نعیم اختر کے آبائی گاؤں گرورا میں بھی اسکول بند ہیں۔انہوں نے کہاکہ براہ مہربانی لوگوں سے اپنے بچوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی امید نہ کریں۔بارہمولہ، بڈگام اور گندربل سے موصولہ غیرسرکاری خبروں میں بھی آج اسکولوں کے نہیں کھلنے کی بات کہی گئی ہے۔اس درمیان، وادی کے چھ دیگر اضلاع میں کرفیوبدستورجاری ہے۔


Share: